بجلی کی بندش سے کراچی میں الیکٹرک بسوں کی آمدورفت متاثر
کراچی میں ٹرانسپورٹ نظام متاثر ہونے لگا، الیکٹرک بسیں بند کرنے کا فیصلہ
کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث الیکٹرک بس سروس متاثر ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں شہری ٹرانسپورٹ کے مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے۔
پیپلز بس سروس انتظامیہ کے مطابق ای وی-1، ای وی-3 اور آر-1 پنک بس روٹس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ تینوں روٹس الیکٹرک وہیکل (EV) بسوں پر مشتمل ہیں جو مہران ڈپو سے چلائی جاتی ہیں، تاہم گزشتہ تین روز سے مہران ڈپو میں بجلی کی فراہمی بند ہے۔
بجلی کی بندش کے باعث ان روٹس پر الیکٹرک بسوں کی جگہ عارضی طور پر ہائبرڈ بسیں چلائی جا رہی تھیں، لیکن صورتحال بہتر نہ ہونے پر مکمل معطلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ای وی-1 روٹ ملیر کینٹ سے سی ویو تک، ای وی-3 ملیر کینٹ سے نمائش تک جبکہ آر-1 پنک بس کھوکھرا پار سے ڈاکیارڈ تک چلتی ہے۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر بجلی کی بحالی جلد نہ ہوئی تو ان روٹس کی معطلی برقرار رہے گی۔