ہارن بجانے پر حساس ادارےکے افسر سمیت تین افراد پر تشدد
مبینہ طور پر مارپیٹ کی اور انہیں دھمکیاں بھی دیں۔ شکایت کنندہ قوسین حیدر کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس بی میں مقدمہ درج کر لیا گیا
لاہور: شہر کے پوش علاقے ڈیفنس بی میں سڑک پر پیش آنے والے ایک تنازعے نے سنگین صورت اختیار کرلی، جہاں مبینہ طور پر ایک لگژری گاڑی میں سوار افراد نے تین شہریوں پر تشدد کیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد معاملہ توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ افراد نے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے پر آگے موجود گاڑی سے راستہ لینے کے لیے ہارن اور لائٹ کا اشارہ دیا، جس پر گاڑی میں موجود افراد مشتعل ہوگئے۔
درج مقدمے کے مطابق ملزمان نے تینوں افراد کو روک کر مبینہ طور پر مارپیٹ کی اور انہیں دھمکیاں بھی دیں۔ شکایت کنندہ قوسین حیدر کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس بی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں تشدد، غیر قانونی حراست اور دھمکیوں سمیت مختلف الزامات شامل کیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں جبکہ گرفتاریوں کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد شہریوں کی جانب سے واقعے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔