گلگت بلتستان انتخابی مہم، بیرسٹر گوہر اسکردو پہنچ گئے
بیرسٹر گوہر اپنے دورے کے دوران مختلف انتخابی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔
اسکردو: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں اسکردو پہنچ گئے، جہاں پارٹی کارکنوں اور مقامی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر اپنے دورے کے دوران مختلف انتخابی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات صرف اقتدار کی دوڑ نہیں بلکہ خطے میں جمہوری عمل کے مستقبل کا اہم مرحلہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی جانب سے عوام تک سیاسی پیغام پہنچانے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف معاشی ترقی، بہتر طرز حکمرانی اور سماجی انصاف کے نکات پر عوامی حمایت حاصل کرنا چاہتی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کارکنوں اور حامیوں سے انتخابی مہم میں بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے انتخابی ماحول سے متعلق بعض تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے، تاہم وہ جمہوری عمل پر یقین رکھتے ہیں اور عوامی حمایت کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے کے لیے پُرامید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنے نظریے، کارکردگی اور عوامی خدمت کے عزم کی بنیاد پر ووٹرز کا اعتماد حاصل کرنا چاہتی ہے اور انہیں امید ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام انتخابات میں ان کے امیدواروں کی حمایت کریں گے۔