لاڑکانہ۔ شکارپور میں خاندانی دشمنی نے 7جانیں لے لیں

پولیس کارروائی جاری ہیں، ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے

June 1, 2026 · قومی

لاڑکانہ اور شکارپور میں خاندانی دشمنی کے دو الگ الگ واقعات میں فائرنگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

شکارپور کے علاقے پیر جلیل میں پرانی دشمنی پر دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کلیم ملک کے مطابق پولیس فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب لاڑکانہ کے علاقے ماہوٹا میں پرانی دشمنی پر مخالفین نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔

واقعے میں ایک بچی سمیت 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔ مرنے والوں میں 2 بھائی، ایک بہن اور بھابھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔