گلگت بلتستان انتخابات کے لیے پنجاب پولیس کے 5 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے
تمام گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس لازمی طور پر چیک کیے جائیں تاکہ نقل و حمل کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
لاہور: گلگت بلتستان میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے تحت پنجاب پولیس کے تقریباً 5 ہزار مرد و خواتین اہلکار انتخابی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق ان اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے متعلقہ حکام کو باضابطہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ مختلف یونٹس سے اہلکار گلگت بلتستان بھیجے جائیں گے، جن میں پنجاب کانسٹیبلری، ہائی وے پٹرولنگ ونگ، آر ایم پی ونگ اور لاہور پولیس کی لیڈیز اہلکار شامل ہوں گی۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی نفری میں سے 1500 اہلکار آر ایم پی ونگ سے، 1242 پنجاب کانسٹیبلری سے، 1958 ہائی وے پٹرولنگ ونگ سے جبکہ 300 لیڈیز اہلکار لاہور پولیس سے تعینات کی جائیں گی۔
سیکیورٹی اہلکاروں کی منتقلی کے لیے ٹرانسپورٹ کے انتظامات بھی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اہلکاروں کو پہنچانے کے لیے بسوں اور دیگر ذرائع آمدورفت کے مکمل ریکارڈ، ڈرائیورز کی تفصیلات اور رابطہ نمبرز فراہم کیے جائیں۔
مزید یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تمام گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس لازمی طور پر چیک کیے جائیں تاکہ نقل و حمل کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات گلگت بلتستان میں شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔