شر پسندوں نے بنوں میں گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی،سپلائی معطل

پنجاب کے مختلف شہروں میں صارفین متاثر

June 1, 2026 · قومی

 

 خیبر پختون خوا کے شہر بنوں میں نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات میریان کے علاقے میں پیش آیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پنجاب کے مختلف شہروں کو گیس کی سپلائی معطل ہو گئی اور صارفین متاثر ہوئے۔

دوسری جانب کے پی کے دارالخلافہ پشاور کے کوہاٹ روڈ پر بھی بارودی مواد کا دھماکا ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ دونوں جگہوں پر کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، تاہم حفاظتی اقدامات کے طور پر علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔

پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ گئی ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

حکام نے بتایا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کا پتہ لگانے کے لیے تمام ممکنہ پہلوؤں پر کام کیا جا رہا ہے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔