جائیکوگاڑی کو چھوٹا حادثہ، مرمت کے اخراجات 72 لاکھ بن گئے

ہیڈلائٹس، بونٹ، ونڈ اسکرین، ایئر بیگز اور فرنٹ سیٹس سمیت متعدد اہم پرزوں کی تبدیلی ضروری قرار دی گئی

June 2, 2026 · قومی

پاکستان میں حالیہ دنوں سرخیوں میں رہنے والی پلگ ان ہائبرڈ الیکٹرک گاڑی جائیکو نے ایک بار پھر سنسی مچا دی۔ گاڑی کا ایک عام حادثہ ہوا لیکن مرمت کا بل پونے 72 لاکھ روپے بن گیا۔ حالانکہ گاڑی کی کل قیمت ہی ایک کروڑ روپے ہے۔
پچھلے بار ایک جائیکو گاڑی کے مالک کو 36 لاکھ کا مرمت کا بل دیا گیا تھا۔ اس مرتبہ ایک نیا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہ بل کمپنی کی جانب سے نہیں بلکہ کسی اور ورک شاپ کی طرف سے تیار کیا گیا ہے جس کے مطابق مرمت کا کل تخمینہ تقریباً 71 لاکھ 70 ہزار روپے ہے، جو گاڑی کی فیکٹری قیمت 105 لاکھ روپے کا تقریباً 70 فیصد بنتا ہے۔

تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ گاڑی سامنے اور سائیڈ سے ٹکرائی جسے نقصان پہنچا۔ تاہم مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئی۔

بل میں مختلف چیزوں کی جو قیمت لگائی گئی ہے، اس میں بونٹ 2 لاکھ 99 ہزار، لیفٹ ہیڈ لائٹ 3 لاکھ 34 ہزار، فرنٹ ونڈ اسکرین 2 لاکھ 32 ہزار، فرنٹ ڈور 3 لاکھ 52 ہزار، ایئر بیگ کنٹرولر 2 لاکھ 74 ہزار، ڈرائیور ایئر بیگ 2 لاکھ 67 ہزار، فرنٹ سیٹ بمعہ ایئر بیگ 9 لاکھ 86 ہزار جبکہ دوسری فرنٹ سیٹ بمعہ ایئر بیگ 6 لاکھ 57 ہزار روپے شامل ہیں۔

یہ پارٹس (ہیڈ لائٹس، ایئر بیگز، سیٹس، سینسرز، ماڈیولز، بونیٹ اور ونڈ اسکرین سمیت) بل کی بڑی لاگت کا حصہ ہیں۔ مکمل بل میں مزید پارٹس، لیبر چارجز اور دیگر اخراجات بھی شامل ہونے کی وجہ سے کل رقم 71 لاکھ 70 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔

یہ کیس خریداروں کے لیے اہم سوالات اٹھاتا ہے جن میں اسپیئر پارٹس کی قیمتیں، ان کی دستیابیت، انشورنس کور، مرمت کا وقت اور آفٹر سیلز سروس شامل ہیں۔ جدید PHEV گاڑیوں کی مرمت کی لاگت روایتی کاروں سے کہیں زیادہ ہونے کی وجہ سے صارفین کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ خریداری سے قبل ان پہلوؤں پر غور کریں۔