موٹر وے زیادتی کیس میں سزائے موت کے خلاف اپیلوں پرفیصلہ محفوظ
لاہور ہائیکورٹ میں دو مجرموں کی سزائے موت کے خلاف اپیلیں زیر سماعت
فائل فوٹو
لاہور ہائیکورٹ نے موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے مقدمے میں دو مجرموں کی سزائے موت کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیلوں کی سماعت کی۔ مجرم عابد ملہی اور شفقت بگا نے انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزائے موت کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔
مجرموں کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور ان کے مؤقف کو ٹھیک طرح سے نہیں سنا گیا، لہٰذا سزائے موت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر رہائی کا حکم دیا جائے۔
دوسری جانب پراسیکیوٹر میڈم راحیلہ شاہد نے اپیلوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے درست فیصلہ دیا ہے اور مجرموں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، اس لیے اپیلیں خارج کی جائیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ یاد رہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے دونوں مجرموں کو 20 مارچ 2021 کو سزائے موت سنائی تھی، جسے 25 مارچ 2021 کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔