آندھی و تیز بارش: اسلام آباد سے برہان تک موٹر وے عارضی طور پر بند

مسافروں اور ڈرائیوروں کو متبادل راستے اختیار کرنے ، گاڑیوں کی رفتار کم رکھنے کی ہدایت

June 2, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: موٹر وے پولیس نے آندھی اور تیز بارش کے باعث اسلام آباد سے برہان تک موٹر وے (M-1) کو مسافر بردار گاڑیوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی اطلاع کے مطابق ایم-1 (M-1) مین ٹول پلازہ اسلام آباد (کلومیٹر 351) سے برہان (کلومیٹر 386) تک تمام مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔

علاقے میں ہونے والی تیز اور موسلا دھار بارش کے باعث سڑک پر پھسلن اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

مسافروں اور ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں، گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی موٹر وے کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔