عام دکانداروں اورچھوٹے تاجروں کے لیے نئی ٹیکس اسکیم تیار۔اہم ریلیف شامل
وفاقی بجٹ 2026_27 میں آسان ٹیکس شرح اور رضاکارانہ شمولیت متوقع
فائل فوٹو
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کے لیے نئی اسکیم تیار کرلی ہے،جس کا باضابطہ اعلان وفاقی بجٹ 2026-27 میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ اسکیم پر مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔ اسکیم کے تحت سالانہ 2 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے تاجر اہل ہوں گے، کم از کم 3 سال سے کاروبار کرنے والے افراد بھی اس میں شامل ہو سکیں گے۔
اسکیم کے لیے رجسٹریشن آئیرس پورٹل، موبائل ایپ یا ٹیکس سہولت کاروں کے ذریعے ممکن ہوگی۔ شمولیت رضاکارانہ ہوگی، تاہم درست مالی ریکارڈ رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مجوزہ اسکیم کے تحت اہل تاجروں کے لیے نسبتاً کم اور آسان ٹیکس شرح متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے،مقررہ حد سے زائد آمدن پر ہی ٹیکس واجب الادا ہوگا۔
اسکیم میں شامل افراد کو عمومی طور پر آڈٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، تاہم غیر معمولی مالی سرگرمیوں یا آمدن میں تضاد کی صورت میں آڈٹ کیا جا سکے گا۔
تاجروں کو فروخت، خریداری اور اخراجات کا سادہ ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، بعض چھوٹے کاروباروں کو پی او ایس اور ڈیجیٹل انٹیگریشن سے استثنا ملنے کا امکان ہے۔
فعال ٹیکس دہندگان کو اے ٹی ایل میں شمولیت، کم ودہولڈنگ ٹیکس اور بہتر مالی ساکھ جیسے فوائد حاصل ہوں گے، تاہم قواعد کی خلاف ورزی، آمدنی چھپانے یا ریٹرن جمع نہ کرانے پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
اسکیم کا مقصد معیشت کی دستاویزی شکل کو فروغ دینا اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی میں اضافہ کرنا ہے، جبکہ بینک لین دین کا ظاہر کردہ آمدن اور کاروباری سرگرمیوں سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہوگا۔