بلوچستان میں پرائمری سطح پر اسکول یونیفارم کی شرط ختم

صوبے کے 900 اسکولوں میں ڈبل شفٹ نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

June 4, 2026 · قومی

بلوچستان حکومت نے پرائمری سطح پر اسکول یونیفارم کی شرط ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد تعلیمی نظام میں بہتری اور بچوں کی اسکولوں تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، جس میں شرح خواندگی بڑھانے کے لیے جامع اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے 900 اسکولوں میں ڈبل شفٹ نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

مزید یہ کہ تمام فعال سرکاری اسکولوں میں ٹاٹ کلچر ختم کر کے ڈیسک فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور اسکولوں میں طلبہ کی حاضری بڑھانا ہے۔