برطانوی خاتون ڈش میں بال ڈال کرمفت کھانا گھر لے گئی۔حقیقت کھلنے پر گرفتار
ریسٹورنٹ نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر خاتون کی حرکت بے نقاب کی
فائل فوٹو
برطانیہ کے ایک ریسٹورنٹ میں خاتون کو مبینہ طور پر مفت کھانے کے لیے اپنی ڈش میں بال ڈالنے کے جرم پر پکڑا گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ رات کا کھانا کھا رہی تھیں کہ انہوں نے مبینہ طور پر اپنے سر سے ایک بال توڑ کر ڈش میں ڈال دیا۔ فوٹیج میں خاتون کو بال ڈالنے کے بعد ویٹریس کو بلا کر ڈش تبدیل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
ریسٹورنٹ انتظامیہ کے مطابق عملے نے فوری طور پر خاتون کو نئی ڈش فراہم کی، تاہم خاندان نے وہ ڈش پیک کر کے گھر لے جانا مناسب سمجھا کیونکہ وہ پہلے ہی کھانا کھا چکے تھے۔بعد ازاں جب سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ خاتون نے خود ہی بال ڈش میں ڈالا تھا۔ ریسٹورنٹ نے یہ ویڈیو فیس بک پر شیئر کرتے ہوئے تفصیلات بیان کیں۔
ریسٹورنٹ کی پوسٹ کے مطابق خاتون نے اپنے بچے کی ڈش میں بال ملنے کی شکایت کی تھی اور عملے نے فوری طور پر نئی ڈش فراہم کی، جسے خاتون نے قبول کیا مگر بعد میں اسے گھر لے گئیں۔
پوسٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے نہ صرف بال ڈالنے کی حقیقت سامنے آئی بلکہ یہ بھی دیکھا گیا کہ خاتون جاتے ہوئے کیچپ کی بوتل، آئسکریم باؤل اور چائے کا چمچ بھی اپنے ساتھ لے گئیں۔ انتظامیہ نے طنزیہ انداز میں یاد دہانی کرائی کہ چمچ یا کیچپ ان کے ٹیک اوے مینیو کا حصہ نہیں۔
یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوچکی ہے اور بیشتر صارفین نے ریسٹورنٹ کے بروقت اور شفاف ردعمل کو سراہا ہے۔