پاکپتن: پولیس مقابلے کے دوران بکرا چور گینگ کی گاڑی بے قابو ، 3افراد جاں بحق ،11 زخمی
چوروں کی گاڑی بے قابو ہو کر راہگیروں پر چڑھ گئی ،دو خواتین موقع سے گرفتار،ڈاکو گاڑی چھوڑ کر مکئی کی فصلوں میں فرار ہو گئے۔
فائل فوٹو
پاکپتن: 19 ایس پی روڈ پر بکرا چور گینگ کی پٹرولنگ پولیس پر فائرنگ کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں چوروں کی گاڑی بے قابو ہو کر راہگیروں کو کچلتے ہوئے مسافر رکشہ اور درخت سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں 2 راہگیر خواتین اور کمسن بچی سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ڈی پی او کے مطابق حادثے میں 11 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ چور گینگ کی دو خواتین کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جبکہ حادثے کے بعد ڈاکو گاڑی چھوڑ کر مکئی کی فصلوں میں فرار ہو گئے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے، جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔