پشاور: سرہ خاورہ چوکی پر حملے میں زخمی اہل کار دوران علاج شہید
جنازے میں سی سی پی او کی شرکت،محمد ظاہر 27 فروری کو حملے میں زخمی ہوئے تھے
فائل فوٹو
پشاور: سرہ خاورہ چوکی حملے میں زخمی اہل کار دوران علاج چل بسا، شہید کی نماز جنازہ ملک سعد پولیس میں ادا کر دی گئی۔
تھانہ متنی کی چوکی سرہ خاورہ پر 27 فروری کو ہوئے ہینڈ گرنیڈ حملے میں اسپتال میں زیر علاج پولیس کانسٹیبل محمد ظاہر زخموں کی تاب نہ لاکر شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے۔
شہید پولیس کانسٹیبل محمد ظاہر کی نمازِ جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد، ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، ایس پی ہیڈ کوارٹر علی گوہر، ڈویژنل ایس پیز، شہید کے لواحقین، پاک آرمی، پولیس افسران اور اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ پولیس افسران نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے شہید کے لواحقین سے تعزیت کی اور شہید محمد ظاہر کی جرات، بہادری اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔