اسلام آباد:نوجوان لڑکی نے ہوٹل کی 13ویں منزل سے چھلانگ لگا دی، موقع پر جاں بحق

لڑکی ہوٹل میں کھانے کے لیے آئی تھی ،نامعلوم وجوہات کی بنا پر عمارت کی 13ویں منزل پر گئی اور نیچے چھلانگ لگا دی۔

June 4, 2026 · قومی

لاش جائے وقوع پر پڑی ہے

اسلام آباد: تھانہ کرپا کی حدود میں واقع امارات بلڈنگ میں قائم مونال ہوٹل میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان لڑکی مبینہ طور پر عمارت کی 13ویں منزل سے چھلانگ لگانے کے باعث جاں بحق ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق لڑکی ہوٹل میں کھانے کے لیے آئی تھی تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر وہ عمارت کی 13ویں منزل پر گئی اور وہاں سے نیچے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات میں واقعے کی ممکنہ وجوہات میں گھریلو تنازع یا ذاتی مسائل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم پولیس نے ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کی اصل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔