موسمیاتی تبدیلی صحت۔ معیشت کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ صدر زرداری
پاکستان موسمیاتی تغیر کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ایک ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ یہ صحتِ عامہ، غذائی تحفظ اور معاشی ترقی کے لئے بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔
عالمی یومِ ماحولیات پر اپنے پیغام میں انہوں نے شہریوں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ماحول کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرے کی سنگینی کو سمجھیں۔
صدر نے کہا کہ بڑھتا درجہ حرارت، شدید موسمی واقعات، پگھلتے گلیشیئرز ، پانی کی قلت، حیاتیاتی تنوع کا نقصان اور ماحولیاتی انحطاط اب مستقبل کے نہیں بلکہ موجودہ وقت میں ہی دنیا بھر میں انسانی زندگیوں اور معیشتوں کو متاثر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی یومِ ماحولیات کا مرکزی موضوع موسمیاتی اقدام ہے۔ یہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ آج کئے گئے فیصلے آنے والی نسلوں کے معیارِ زندگی کا تعین کریں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ایک ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ یہ صحتِ عامہ، غذائی تحفظ اور معاشی ترقی کے لئے بھی ایک بڑا چیلنج ہے، پاکستان موسمیاتی تغیر کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے حالانکہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں اس کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔