پنجاب کے تھانوں میں بائیومیٹرک نظام لانے کافیصلہ۔یہ کیسے کام کرے گا؟
تمام تھانوں میں شناخت اور ریکارڈنگ کیلئے بایومیٹرک ڈیوائسز لازمی قرار
فائل فوٹو
پنجاب پولیس میں بایومیٹرک شناختی نظام کے فوری نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت صوبے بھر کے تمام تھانوں میں بایومیٹرک ڈیوائسز کی دستیابی اور استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل کی جانب سے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ساتھ معاہدہ طے پا چکا ہے جس کے تحت پولیس ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم (PSRMS) میں بایومیٹرک ماڈیول کو نافذ کیا جا رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق بایومیٹرک نظام کے ذریعے تھانوں میں آنے والے افراد کی فوری شناخت اور تصدیق ممکن ہوگی جبکہ اس نظام کو درج ذیل امور کے لیے استعمال کیا جائے گا:
- ملزمان اور شکایت کنندگان کی شناخت اور تصدیق
- پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم میں مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ اور اندراج
- پولیس اہلکاروں کی حاضری کا اندراج
ہدایت میں تمام سینئر پولیس افسران کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع اور یونٹس میں موجود بایومیٹرک آلات کا مکمل ریکارڈ چیک کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر پولیس اسٹیشن میں یہ آلات بغیر کسی استثنا کے موجود ہوں۔
مزید کہا گیا ہے کہ یہ نظام آئندہ مرحلے میں PSRMS کے ساتھ مکمل طور پر منسلک ہوگا جس کے بعد کسی بھی ملزم، شکایت کنندہ یا گواہ کا اندراج بایومیٹرک تصدیق کے بغیر ممکن نہیں ہوگا۔
پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام انتظامات کی مکمل رپورٹ سات دن کے اندر متعلقہ دفتر میں جمع کرائی جائے تاکہ نادرا کے تعاون سے نظام کو فوری طور پر فعال کیا جا سکے۔