آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس معطل۔ حالات کشیدہ۔جھڑپوں میں ایک شخص جاں بحق

عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری

June 6, 2026 · قومی

آزاد کشمیر میں گزشتہ رات انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئیں جس کے بعد مختلف علاقوں میں صورتحال کشیدہ رہی۔ اطلاعات کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کے بعض سرکردہ رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

راولاکوٹ میں عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن عمر نذیر کی گرفتاری کی کوشش کے دوران مبینہ مزاحمت کے نتیجے میں جھڑپیں ہوئیں، جس میں ایک شخص زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ متوفی کی شناخت شاہ زیب حبیب کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کے محکمہ اطلاعات کی جانب سے فیس بک پر پولیس سے منسوب بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ فائرنگ کا واقعہ کھائی گلہ میں رات پونے 12 بجے پیش آیا، تاہم بیان میں کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کا ذکر شامل نہیں کیا گیا۔