آزاد کشمیر میں مہاجرین کی نشستوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت آج ہوگی

چیف جسٹس نے کیس میں معاونت کے لیے سپریم کورٹ کے دو سینیئر وکلا کو عدالتی معاون مقرر کیا

June 6, 2026 · قومی

آزاد کشمیر کی سپریم کورٹ میں مہاجرین کی 12 نشستوں سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت آج ہو رہی ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ یہ کیس سن رہا ہے۔

چیف جسٹس نے اس کیس میں معاونت کے لیے سپریم کورٹ کے دو سینیئر وکلا کو عدالتی معاون مقرر کیا ہے، جبکہ عوام الناس (پبلک ایٹ لارج) کو بھی کیس میں مدد کے لیے نوٹس جاری کیے گئے ہیں، تاکہ متعلقہ فریق یا دلچسپی رکھنے والے شہری اپنا نقطہ نظر پیش کر سکیں۔

یہ معاملہ ایسے وقت میں زیرِ سماعت ہے جب جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے انہی مہاجر نشستوں کے معاملے پر نو جون کو آزاد کشمیر میں ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔ ان 12 نشستوں میں سے 10 صوبہ پنجاب میں واقع ہیں۔

دوسری جانب چند وکلا نے آزاد کشمیر کے قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر کی تعیناتی کو بھی ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ چوہدری لطیف اکبر اس وقت قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ہیں اور 31 جنوری کو سابق صدر بیرسٹر سلطان محمود کی وفات کے بعد سے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔