ایف آئی اے کا ملک بھر میں ایف اے ٹی ایف ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ
ملک بھر سے مطلوبہ معلومات اکٹھی کرکے باہمی جائزے میں پیش کی جائیں گی
ایف آئی اے نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق امور کی نگرانی اور عملدرآمد کو مؤثر بنانے کے لیے ملک بھر میں خصوصی ایف اے ٹی ایف ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی جانب سے تمام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز اور زونل ڈائریکٹرز کو باقاعدہ احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ نئے ڈیسک کے ذریعے ایف اے ٹی ایف کے مقرر کردہ مختلف اہداف پر ہونے والی پیش رفت اور اقدامات کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جمع کی جانے والی معلومات آئندہ باہمی جائزے (میوچل ایویلیوایشن) کے دوران پیش کی جائیں گی، جس کے رواں سال کی آخری سہ ماہی میں متوقع ہونے کا امکان ہے۔
احکامات میں تمام ونگز اور زونز کو ایف اے ٹی ایف سے متعلق ذمہ داریوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ نامزد فوکل پرسنز کو سات روز کے اندر پیش رفت رپورٹ مرتب کرکے ڈی جی ایف آئی اے کو ارسال کرنے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف ڈیسک کے لیے سات نکات پر مشتمل ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) بھی جاری کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے دیے گئے اہداف پر ایف آئی اے سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے عملدرآمد لازمی ہے۔