کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب گردی کا واقعہ، ایئرایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ
ڈاکٹر ماہ نور ناصر کا سرکاری خرچ پر علاج کیا جائے گا،بلوچستان حکومت نے کراچی کے متعلقہ نجی اسپتال کو ایک باقاعدہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا
فائل فوٹو
کراچی / کوئٹہ: سول اسپتال کوئٹہ میں تعینات لیڈی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینکنے کا انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد انہیں بہتر علاج معالجے کے لیے فوری طور پر کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تیزاب گردی کا شکار ہونے والی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان حکومت نے کراچی کے متعلقہ نجی اسپتال کو ایک باقاعدہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے۔
حکومتی مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ لیڈی میڈیکل آفیسر کا علاج ترجیحی بنیادوں پر مکمل طور پر سرکاری خرچ پر جاری رکھا جائے۔
واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم کو ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔