آزاد کشمیر میں ڈیوٹی کرنے سے انکار پر اسلام آباد پولیس کا اہلکار برطرف
پولیس ہیڈ کوارٹر طلبی کے باوجود کانسٹیبل احمد علی ڈیوٹی پر نہیں آئے، حکمنامہ
فائل فوٹو
اسلام آباد: آزادکشمیر میں ڈیوٹی پر جانے سے انکار کرنے والے اسلام آباد پولیس کے ایک اہلکار کو برطرف کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بھی برطرفی کی تصدیق کی ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کانسٹیبل احمد علی کو کشمیر میں آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات میں ڈیوٹی کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پولیس ہیڈ کوارٹر طلبی کے باوجود کانسٹیبل احمد علی ڈیوٹی پر نہیں آئے اور اُنھوں نے آزاد کشمیر جانے سے انکار کیا۔
اسلام آباد پولیس کے ایس پی اویس علی خان کے مطابق اس غیر پیشہ ورانہ طرز عمل اور فرائض سے غفلت برتنے پر مذکورہ کانسٹیبل کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں آئندہ ماہ انتخابات شیڈول ہیں، لیکن اس سے قبل ہی وہاں جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے نو جون کو احتجاج کی کال بھی دے رکھی ہے۔