گلگت بلتستان الیکشن، انٹرنیٹ سروس اچانک بند
حکومت کی جانب سے گلگت شہر میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی تصدیق یا کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔
June 6, 2026 · قومی
فائل فوٹو
گلگت: گلگت بلتستان میں الیکشن کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں امیدواروں کے انتخابات کیلیے کل جی بی اسمبلی کی 24 نشستوں پر الیکشن ہوں گے، جس میں مجموعی طور پر 403 امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ ن لیگ، پیپلزپارٹی کے درمیان کئی حلقوں میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔
پیپلزپارٹی کے 23، ن لیگ کے 22، آئی پی پی کے 15، پاکستان مسلم لیگ کے 11، جے یو آئی کے 9، وحدت المسلمین کے 7، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم نے 6 نشتوں پر امیدوار کھڑے کیے جبکہ 266 کے قریب آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔ جن کے چناؤ کیلیے مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
اُدھر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلیے گلگت شہر میں انٹرنیٹ سروس کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، موبائل انٹرنیٹ، فائبر نیٹ، وائی فائی سروس کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے گلگت شہر میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی تصدیق یا کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور شہریوں کا ماننا ہے کہ الیکشن کے پیش نظر سروس بند کی گئی ہے۔