لاہور: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا ،ترجمان

June 6, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقے میں خفیہ کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ علاقے میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کوہ سلیمان کے علاقے میں 12 سے 15 دہشت گرد موجود ہیں، جس کے بعد جدید آلات اور ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے ان کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق جنڈوگا کے قریب پہاڑی علاقے میں خفیہ نگرانی کے بعد کارروائی کی گئی، جس کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دیگر مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد ممکنہ دہشت گردی کی کارروائیوں کو ناکام بنانا اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا تھا۔

سی ٹی ڈی پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔