کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب حملہ،بھائی کی بہن کیلئے دعائوں کی اپیل
اسپتال کے سرجری وارڈ میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر رہی تھیں کہ اسی دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا اور ان پر تیزاب پھینکا گیا۔
کوئٹہ: سرکاری اسپتال میں ڈیوٹی کے دوران تیزاب حملے کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور کے بھائی نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے دعا اور تعاون کی اپیل کی ہے۔
ڈاکٹر ماہ نور کے بھائی فرحت خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کی بہن معمول کے مطابق اسپتال کے سرجری وارڈ میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر رہی تھیں کہ اسی دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا اور ان پر تیزاب پھینکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خاندان اس وقت شدید ذہنی اور جذباتی کرب سے گزر رہا ہے اور اس مشکل گھڑی میں عوام کی دعاؤں اور حمایت کا طلبگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ ڈاکٹر اور اہل خانہ کو اس آزمائش سے نکلنے کی ہمت اور صبر عطا فرمائے۔
یاد رہے کہ کوئٹہ کے سنڈیمن اسپتال میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد ڈاکٹر ماہ نور کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں بہتر علاج اور خصوصی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے انہیں پہلے نجی اسپتال منتقل کیا گیا اور پھر ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی روانہ کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واقعے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔