اوورسیز کشمیریوں کی آزاد کشمیر اسمبلی کے بل کی حمایت،احتجاجی کالز پر تحفظات کا اظہار
ووٹ ایک بنیادی حق ہے اور مہاجرین کو اس حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا کیونکہ وہ بھی کشمیری قوم کا حصہ ہیں۔
لندن: برطانیہ میں مقیم اوور سیز کشمیریوں نے آزاد کشمیر اسمبلی سے منظور ہونے والے بل کی حمایت کرتے ہوئے بعض احتجاجی کالز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اوور سیز کشمیریوں کا کہنا ہے کہ نام نہاد جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی احتجاجی کالز سے خطے میں غیر ضروری بے چینی اور صورتحال کی خرابی پیدا ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق ووٹ ایک بنیادی حق ہے اور مہاجرین کو اس حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا کیونکہ وہ بھی کشمیری قوم کا حصہ ہیں۔
برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ بعض عناصر عوامی ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم کو ذاتی یا مخصوص ایجنڈوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جس سے معاشرتی تقسیم بڑھنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کا فیصلہ درست سمت میں ایک قدم ہے اور مہاجرین کو بھی دیگر شہریوں کی طرح برابر کا حقِ رائے دہی ملنا چاہیے۔
اوور سیز کشمیریوں کے مطابق مسلسل احتجاج اور ہڑتالیں نہ صرف معاشی سرگرمیوں کو متاثر کرتی ہیں بلکہ عام شہریوں کی زندگی بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقامی کشمیریوں اور مہاجرین کے درمیان تعلق مضبوط اور اٹوٹ ہے جسے کسی صورت کمزور نہیں کیا جا سکتا۔