جی بی انتخابات:تمام ریٹرننگ افسران کو فارم 45 جاری کرنے کی ہدایت

فارم 45 کے اجرا کا عمل انتخابی قوانین اور ضوابط کے مطابق مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جائے۔

June 7, 2026 · قومی

گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر راجا شہباز نے قانون ساز اسمبلی کے تمام 24 انتخابی حلقوں کے ریٹرننگ افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ امیدواروں اور ان کے پولنگ ایجنٹس کو ووٹوں کی گنتی کے بعد مصدقہ فارم 45 بروقت فراہم کیے جائیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ فارم 45 کے اجرا کا عمل انتخابی قوانین اور ضوابط کے مطابق مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس ضمن میں قانونی تقاضوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق جن پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے وہاں نتائج کے ریکارڈ پر مشتمل فارم 45 جاری کیے جا رہے ہیں۔ کمیشن نے ذرائع ابلاغ سے بھی اپیل کی ہے کہ فارم 45 کے اجرا سے متعلق غیر مصدقہ یا گمراہ کن اطلاعات نشر کرنے سے گریز کیا جائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل کی شفافیت اور عوامی اعتماد برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ افسران کو دوبارہ واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ نتائج کی تیاری اور دستاویزی کارروائی مقررہ قواعد کے مطابق مکمل ہو سکے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، جبکہ مختلف حلقوں سے ابتدائی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ حتمی نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے مقررہ طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا۔