گلگت انتخابات:پہلا سرکاری نتیجہ جاری، جی بی اے 24 سے اسد شفیق کامیاب

اسد شفیق نے مجموعی طور پر 8 ہزار 92 ووٹ حاصل کیے اور اپنے حریفوں پر واضح برتری حاصل کی

June 7, 2026 · قومی

گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کا پہلا سرکاری نتیجہ جاری کر دیا گیا ہے۔ حلقہ جی بی اے 24 (گانچھے-III) میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد شفیق کامیاب قرار پائے ہیں۔

حلقے کے تمام 46 پولنگ اسٹیشنز کے موصولہ نتائج کے مطابق اسد شفیق نے مجموعی طور پر 8 ہزار 92 ووٹ حاصل کیے اور اپنے حریفوں پر واضح برتری حاصل کی۔ ان کے مدمقابل امیدوار انجینئر اسماعیل 5 ہزار 72 ووٹ حاصل کر سکے، جبکہ دیگر امیدواروں میں صداقت حیدر 2 ہزار 162 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ سید نذر کاظمی اور شیخ الطاف نے بالترتیب 94 اور 67 ووٹ حاصل کیے۔ انتخابی عمل کے دوران 8 ووٹ مسترد بھی کیے گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسد شفیق نے اپنے قریب ترین حریف کو 3 ہزار 20 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ انتخابی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین اور پوسٹل بیلٹس کی گنتی مکمل ہونے کے بعد کامیابی کا مارجن مزید بڑھنے کا امکان موجود ہے۔

الیکشن حکام کے مطابق نتائج کی قانونی جانچ پڑتال اور دیگر ضروری مراحل مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسر حتمی سرکاری نتیجے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے دیگر حلقوں کے نتائج بھی مرحلہ وار موصول ہو رہے ہیں اور مختلف جماعتوں کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔