گلگت بلتستان میں آئندہ حکومت اتحادی نوعیت کی ہوگی،خرم دستگیر

مسلم لیگ (ن) کو گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں میں سے 13 نشستیں ملنے کی توقع ہے

June 7, 2026 · قومی

سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں آئندہ حکومت اتحادی نوعیت کی ہوگی۔

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کو گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں میں سے 13 نشستیں ملنے کی توقع ہے، جبکہ اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض حلقوں میں استحکام پاکستان پارٹی اور آزاد امیدوار بھی مقابلے میں موجود ہیں اور چند نشستوں پر ان کی پوزیشن اہم ہو سکتی ہے۔ تاہم مجموعی طور پر مسلم لیگ (ن) کو برتری حاصل ہوگی۔

خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان میں مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں اور خطے کے جغرافیائی اور موسمی حالات کے باعث بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کی ضرورت ہمیشہ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے ناران سے چلاس تک موٹروے طرز کی سڑک کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ بابوسر کے مقام پر ساڑھے تیرہ کلومیٹر طویل ٹنل بھی تعمیر کی جائے گی۔

ان کے مطابق اس ٹنل کی تعمیر سے سال بھر اس راستے پر آمدورفت ممکن ہو سکے گی، جس سے خطے میں سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔