آزاد کشمیر میں ممکنہ احتجاج،امریکی شہریوں کے لیے سیکیورٹی انتباہ جاری
شہری بڑے عوامی اجتماعات سے دور رہیں، مقامی خبروں پر نظر رکھیں اور اپنی ذاتی سیکیورٹی کے اقدامات کو مضبوط بنائیں۔
اسلام آباد: پاکستان میں موجود امریکی سفارتخانے نے آزاد کشمیر میں مجوزہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر اپنے شہریوں کے لیے سیکیورٹی ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
بیان کے مطابق آزاد کشمیر میں 9 جون کو جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے ممکنہ احتجاج اور لانگ مارچ کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث بعض علاقوں میں صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی تناظر میں شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بڑے عوامی اجتماعات اور احتجاجی مقامات سے دور رہیں، مقامی خبروں پر مسلسل نظر رکھیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ شہری اپنی ذاتی سیکیورٹی کے منصوبے کا جائزہ لیں، شناختی دستاویزات ہمیشہ ساتھ رکھیں اور مقامی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ شہری اپنی رجسٹریشن اپ ڈیٹ رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں موجود امریکی قونصل خانوں سے رابطہ کریں۔
امریکی سفارتی مشن نے زور دیا ہے کہ صورتحال کے دوران شہری کم پروفائل رکھیں اور محتاط رویہ اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔