اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشہ اقبال کا لائسنس کینسل کرنے کے لیئے پنجاب بار کونسل میں درخواست دائر

درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کر کے الزامات کی جانچ کی جائے اور اگر خلاف ورزی ثابت ہو تو قانون کے مطابق مناسب انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

June 8, 2026 · قومی

لاہور: پنجاب بار کونسل میں ایک وکیل کے خلاف مبینہ پیشہ ورانہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انضباطی کارروائی کی درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق پنجاب بار کونسل کی ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین کو موصول ہونے والی درخواست میں ایڈووکیٹ رمشا اقبال پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے وکالت کا فعال لائسنس برقرار رکھتے ہوئے بیرونِ ملک ایک نجی کمپنی میں کل وقتی ملازمت انجام دی۔

درخواست ہائی کورٹ کے وکیل چوہدری آصف ولی کی جانب سے جمع کرائی گئی، جسے 8 جون 2026 کو پنجاب بار کونسل میں وصول کیا گیا۔ شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ وکیل مارچ 2023 سے اپریل 2026 تک آسٹریلیا میں قائم ایک کمپنی میں آفس مینیجر کے طور پر خدمات سرانجام دیتی رہیں، تاہم اس دوران پنجاب بار کونسل کو مبینہ طور پر اپنی ملازمت کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی وکالت کا لائسنس معطل کروایا گیا۔

درخواست گزار کے مطابق ملازمت اور تنخواہ کی ادائیگی سے متعلق بعض دستاویزی شواہد موجود ہیں، جن کی بنیاد پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ شکایت میں پنجاب لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسل رولز 2023 کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ فعال وکیل کے لیے بار کونسل کی اجازت یا لائسنس کی معطلی کے بغیر کل وقتی ملازمت اختیار کرنا قواعد کے منافی ہے۔

درخواست میں پنجاب بار کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کر کے الزامات کی جانچ کی جائے اور اگر خلاف ورزی ثابت ہو تو قانون کے مطابق مناسب انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

واضح رہے کہ تاحال متعلقہ فورم کی جانب سے اس شکایت پر کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا اور الزامات کی تصدیق یا تردید کے لیے باقاعدہ انکوائری کا عمل درکار ہوگا۔