ارشاد بھٹی کو پنجاب حکومت نے پیکا قانون کی دھمکی دے دی

غیر مصدقہ اور بے بنیاد الزامات پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) اور ہتکِ عزت کے قوانین کے تحت قابلِ سزا جرم بھی ہیں

June 8, 2026 · قومی

پنجاب حکومت نے معروف وی لاگر ارشاد بھٹی کی جانب سے چیف سیکریٹری پنجاب ظاہد اختر زمان کے خلاف لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، جھوٹا اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ارشاد بھٹی کی طرف سے لگائے گئے الزامات کسی بھی مستند ثبوت کے بغیر ہیں اور ان کا مقصد سرکاری اداروں اور اعلیٰ افسران کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر مصدقہ اور بے بنیاد الزامات نہ صرف اخلاقی طور پر غلط ہیں بلکہ پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) اور ہتکِ عزت کے قوانین کے تحت قابلِ سزا جرم بھی ہیں، جن پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ سرکاری افسران کی کردار کشی اور غلط معلومات پھیلانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے معاملات پر قانون کے مطابق سخت کارروائی کا حق محفوظ رکھا جاتا ہے۔

اس حوالے سے جاری کیے گئے سرکاری پوسٹر میں ارشاد بھٹی کی تصویر پر “DISINFORMATION” کا لیبل لگا کر ان الزامات کو رد کیا گیا ہے۔

حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب ظاہد اختر زمان ایک دیانتدار اور محنتی افسر ہیں اور ان کے بارے میں پھیلائی جانے والی تمام باتیں حقائق کے منافی ہیں۔