لاہور میں خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کیس کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

سی سی ڈی سول لائنز نے ملزم عدنان کی گرفتاری کے لیے ہربنس پورہ میں چھاپہ مارا۔ اس دوران ملزم نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔

June 8, 2026 · قومی

لاہور: گجرپورہ کے علاقے میں خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس کا مرکزی ملزم عدنان پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق سی سی ڈی سول لائنز نے ملزم عدنان کی گرفتاری کے لیے ہربنس پورہ میں چھاپہ مارا۔ اس دوران ملزم نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔کراس فائرنگ کے تبادلے میں ملزم عدنان ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ملزم کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں متاثرہ خاتون کو مبینہ طور پر زبردستی کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس دوران ملزمان نے ویڈیو بھی بناتے رہے۔

واقعہ تقریباً ایک ماہ قبل گجرپورہ کے علاقے میں پیش آیا تھا، پولیس نے ملزمان عبداللہ، عدنان اور مبشر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مدعی مقدمہ کے مطابق انہوں نے عزت کی خاطر پہلے پولیس رپورٹ درج نہیں کروائی تھی مگر اسکے باوجود ملزمان بلیک میل کر رہے تھے تو وہ قانونی کارروائی پر مجبور ہوگئے۔