خیبرپختونخوا کی عدالتوں میں ملازمین کے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد

عدالتی اوقات کارکے دوران تمام عملہ اپنے موبائل فونز متعین کردہ افسر یا ملازم کی تحویل میں دینگے۔

June 8, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلعی و ماتحت عدالتوں میں منسٹریل سٹاف و دیگر ملازمین کے موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ عدالتی اوقات کارکے دوران تمام عملہ اپنے موبائل فونز متعین کردہ افسر یا ملازم کی تحویل میں دینگے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے رجسٹرارمحمد زیب خان کے دفترسے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو جاری مراسلے کے مطابق ضلعی وماتحت عدالتوں میں تمام منسٹریل ودیگر عملے کو عدالتی اوقات کار کے دوران موبائل فون کے استعمال سے روکا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پشاورہائیکورٹ اس ضمن میں ہدایات جاری کرچکی ہے لہذا ضلعی عدالتوں میں کام کرنے والا تمام منسٹریل عملہ ڈیوٹی کے دوران اپنے موبائل فونز متعلقہ انچارج برانچ یا ہیڈ کے پاس رکھیں گے اور ان موبائل فونز کوکسی بھی متعین کردہ افسرکی تحویل میں دیاجائے گا۔

پشاور ہائیکورٹ کے مراسلے کے مطابق کسی بھی گھریلو ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ عملہ لینڈ لائن یعنی ٹیلی فون استعمال کرسکیں گے۔