وزیراعظم شہباز شریف کی گلوبل فنڈ وفد سے ملاقات،صحت شعبے میں تعاون پر زور

پاکستان اور گلوبل فنڈ کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

June 9, 2026 · قومی
فوٹو پریس ریلیز

فوٹو پریس ریلیز

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے گلوبل فنڈ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صحت کے شعبے میں تعاون اور جاری شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کی قیادت گلوبل فنڈ کے گرانٹ مینجمنٹ ڈویژن کے مارک ایڈنگٹن کر رہے تھے، جبکہ دیگر اراکین میں سینئر پورٹفولیو مینیجر ازیسکن گویریا اور ڈپٹی جنرل قونصلر نتاشا ہیفنک شامل تھیں۔

وزیراعظم نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان گلوبل فنڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ترقی پذیر دنیا میں صحت عامہ کی بہتری کے لیے اس کے کردار کو سراہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل فنڈ پاکستان میں صحت کے نظام کی بہتری کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے، اور حکومت ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم کے مطابق اس شراکت داری سے پاکستان میں ان بیماریوں کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت مل رہی ہے۔

انہوں نے ایچ آئی وی کی روک تھام کے حوالے سے حکومت پاکستان اور گلوبل فنڈ کے درمیان جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کی ہدایت بھی کی۔

وفد نے پاکستان میں میزبانی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔