ڈاکٹر ماہ نور کے علاج میں اہم پیش رفت،طبی ٹیم متحرک
ڈاکٹروں کی ٹیم نے مریضہ کا متعدد بار تفصیلی معائنہ کیا ہے اور علاج کے دوران معمولی نوعیت کی گرافٹنگ کی گئی ہے
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی تیزاب گردی کا شکار ڈاکٹر ماہ نور کے علاج کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈاکٹر ماہ نور اس وقت کراچی کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی نگہداشت کر رہی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور کے چہرے، آنکھوں، ناک اور ہونٹوں پر موجود زخموں کا علاج جاری ہے۔ ان کے علاج کے لیے پلاسٹک سرجری اور آئی اسپیشلسٹ پر مشتمل خصوصی ٹیم متحرک ہے جو مسلسل ان کا معائنہ اور علاج کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی ٹیم نے مریضہ کا متعدد بار تفصیلی معائنہ کیا ہے اور علاج کے دوران معمولی نوعیت کی گرافٹنگ کی گئی ہے، تاہم کسی بڑی سرجری کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور کی حالت میں بہتری کے لیے معمول کے مطابق چھوٹی طبی پروسیجرز جاری رہیں گے، جبکہ ان کی مکمل بحالی کے لیے مرحلہ وار علاج کا پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان حکومت متاثرہ ڈاکٹر اور ان کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ اہل خانہ نے بھی علاج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر ماہ نور کے چہرے کے مختلف حصوں پر زخم موجود ہیں جن میں آنکھوں کے بیرونی حصے، ناک اور ہونٹ شامل ہیں، جبکہ ماہر ڈاکٹرز ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔