جناح اسپتال کراچی میں جدید آپریشن تھیٹرز فعال کر دیے گئے
افتتاحی تقریب میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے شرکت کی اور نئے آپریشن تھیٹر بلاک کا افتتاح کیا۔
کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے گائنی اینڈ آبسٹیٹرکس وارڈ میں جدید ماڈیولر آپریشن تھیٹرز کو باقاعدہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے شرکت کی اور نئے آپریشن تھیٹر بلاک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جدید مشینری سے آراستہ تھیٹرز کے فعال ہونے سے مریضوں کو فوری اور بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
وزیر صحت کے مطابق گائنی وارڈ میں آپریشن تھیٹرز اور ایمرجنسی سروسز کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ جلد ہی آئی سی یو سروسز بھی شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نومولود بچوں کے لیے خصوصی نیونیٹل آئی سی یو کے قیام کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ جناح اسپتال میں طبی سہولیات کو مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے اور جدید آلات کے ذریعے علاج کے معیار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اسپتال میں بیڈز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ طبی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نئی بھرتیوں کا عمل جاری ہے، جبکہ حالیہ عرصے میں بھی کچھ تقرریاں کی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے نظام کو مزید مؤثر اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رہیں گے۔