راولپنڈی:کاروباری شخصیت ڈرائیور سمیت اغوا، 3 کروڑ تاوان کا مطالبہ
پانچ مسلح افراد نے گاڑی سے زبردستی ان کے والد اور ڈرائیور کو اتار کر اپنی گاڑی میں منتقل کیا، جبکہ ایک ملزم مغوی کی گاڑی لے کر فرار ہو گیا
راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں اغواء برائے تاوان کا سنگین واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک کاروباری شخصیت کو ان کے ڈرائیور اور گاڑی سمیت مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مغوی کے بیٹے محمد رضوان نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد محمد سلیم اپنے ڈرائیور کے ہمراہ لینڈ کروزر میں کام کے لیے جا رہے تھے کہ ڈھوک پنوں کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روک لیا۔
مدعی کے مطابق پانچ مسلح افراد نے گاڑی سے زبردستی ان کے والد اور ڈرائیور کو اتار کر اپنی گاڑی میں منتقل کیا، جبکہ ایک ملزم مغوی کی گاڑی لے کر فرار ہو گیا۔ اس دوران مدعی کو بھی اسلحہ کے زور پر دھمکیاں دی گئیں۔
بعد ازاں متاثرہ خاندان کو بیرون ملک سے ایک کال موصول ہوئی جس میں مبینہ طور پر تین کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ اغواء برائے تاوان کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ سکیورٹی ادارے مغویوں کی بازیابی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
حکام نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔