پسند کی شادی کرنیوالی 18 سالہ لڑکی کو شوہر نے ماردیا

مقدمہ مقتولہ کی والدہ شہناز کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں مقتولہ کے شوہر شہریار بٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔

June 10, 2026 · قومی

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں 18 سالہ لڑکی مصباح کے مبینہ قتل کا مقدمہ تھانہ سرجانی ٹاؤن میں درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ مقتولہ کی والدہ شہناز زوجہ محمد آصف کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں مقتولہ کے شوہر شہریار بٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔

مدعیہ کے بیان کے مطابق مصباح نے 19 مارچ کو شہریار بٹ سے پسند کی شادی کی تھی، تاہم شادی کے بعد ہی مبینہ طور پر شوہر کی جانب سے اس کے ساتھ تشدد، مارپیٹ اور ہراسانی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ مدعیہ کا کہنا ہے کہ ملزم اکثر رہائش تبدیل کرتا رہتا تھا اور بعد ازاں ملیر کھوکھرا پار میں رہائش اختیار کر لی تھی۔

بیان میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزم صرف تشدد ہی نہیں کرتا تھا بلکہ مبینہ طور پر بلیک میل بھی کرتا رہا اور مسلسل جہیز اور موٹر سائیکل کا مطالبہ کرتا تھا۔ مزید بتایا گیا کہ یہ شہریار بٹ کی چوتھی شادی تھی اور اس سے قبل بھی اس پر اسی نوعیت کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔

مدعیہ کے مطابق 7 مئی کو مصباح کو ایک نامعلوم خاتون نے فون کر کے اطلاع دی کہ وہ شدید زخمی ہے۔ بعد ازاں مصباح نے خود بتایا کہ اسے شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا اور گھر سے نکال دیا، جس کے بعد اس کے سر اور جسم پر شدید چوٹیں آئیں۔

زخمی حالت میں اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد وہ گھر واپس آگئی، تاہم 8 اور 9 مئی کی درمیانی شب اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ دم توڑ گئی۔ پولیس نے لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزم شہریار بٹ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک شواہد کی روشنی میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔

دوسری جانب اہلخانہ نے بھی سنگین الزامات عائد کیے ہیں کہ شادی کے بعد سے ہی لڑکی کو مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا، جبکہ دھمکیاں بھی دی جاتی رہیں۔ اہلخانہ کے مطابق مصباح کئی بار مدد کی اپیل کرتی رہی لیکن صورتحال میں بہتری نہیں آئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر زاویے سے تفتیش جاری ہے اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔