مری ایکسپریس وے پر وین میں آگ بھڑک اٹھی،10 افراد جاں بحق،13 زخمی
مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے مقام پر سیاحوں کی وین میں لگنے والی آگ کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہو گئی ہے، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور آگ […]
مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے مقام پر سیاحوں کی وین میں لگنے والی آگ کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہو گئی ہے، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ مقامی لوگوں کی بروقت کوششوں سے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا اور متاثرہ افراد کو گاڑی سے نکالنے میں مدد فراہم کی گئی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122، موٹروے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مسافر وین تیز رفتاری کے باعث پہلے بے قابو ہو کر سڑک کی حفاظتی دیوار سے ٹکرائی، دیوار سے ٹکرانے کے نتیجے میں گاڑی کا فیول ٹینک پھٹ گیا اور پٹرول لیک ہونے کی وجہ سے پوری وین سیکنڈوں میں آگ کی لپیٹ میں آگئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اندر موجود مسافروں کو گاڑی سے نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا، جس کی وجہ سے جانی نقصان ہوا۔
حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں جھلس کر زخمی ہونے والے 8 افراد کو فوری طور پر پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، جبکہ آتشزدگی کے واقعے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔