دفاع کیلئے زیادہ سے زیادہ وسائل کی فراہمی ہماری ترجیح ہے: وزیراعظم
قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں معیشت، دفاع اور توانائی ریلیف پر گفتگو
فائل فوٹو
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا کرنا اور دفاع کے لیے وسائل کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، جبکہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بھی وسائل درکار ہیں۔
قومی اقتصادی کونسل سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ کئی ہفتوں سے مشاورت جاری ہے اور مزید وسائل پیدا کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی میں تیزی کے لیے ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جن سے برآمدات میں اضافہ ہو۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معیشت میں میکرو لیول پر بہتری آئی ہے لیکن ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک کے طور پر پاکستان کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے گئے ہیں۔
ان کے مطابق ملکی معیشت کو بڑے چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم کوشش کی گئی کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عمل جاری رکھا جائے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے کل رات آئی ایم ایف کے ایم ڈی سے بات کی جس میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خطے کی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، تاہم صوبوں کے تعاون سے عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ ان کے مطابق تیل کی قیمتوں کی مد میں عوام کو 128 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں پیٹرول پمپس پر لائنیں دیکھی گئیں لیکن بروقت اقدامات کی وجہ سے پاکستان میں عوام کو پیٹرول کی دستیابی یقینی بنائی گئی۔