8بیٹیاں روتی چھوڑکر دوسرے شوہرکے ساتھ رخصت خاتون کااصل معاملہ کیاہے؟

تنگ آکر خلع لیا ۔شبنم بی بی ۔پہلا شوہر بھی سامنے آگیا۔ نکاح پر نکاح کرنے کا الزام

June 10, 2026 · امت خاص

تصویر: سوشل میڈیا

 

لاہورہائیکورٹ میں 8بیٹیاں روتی چھوڑکر دوسرے شوہرکے ساتھ چلی جانے والی خاتون کا پہلا شوہر سامنے آگیا۔اس نے نکاح پر نکاح کرنے کاالزام لگایاہے۔

گذشتہ دنوں ایک وڈیووائرل ہوئی تھی جس کے بارے میں بتایاگیا تھاکہ لاہور ہائیکورٹ نے ایک کیس کی سماعت کے دوران خاتون کو اپنے دوسرے شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی جس پر ان کی 8 بیٹیاں عدالت کے باہر دھاڑیں مار کر روتی رہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں درخواست گزار غلام حسین نے حبسِ بے جا کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کی اہلیہ شبنم بی بی کو سابق شوہر اور اہلِ خانہ نے غیر قانونی طور پر اپنی تحویل میں رکھا ہوا ہے لہٰذا عدالت انہیں بازیاب کرا کے ان کے ساتھ جانے کی اجازت دے۔

سماعت کے دوران شبنم بی بی نے عدالت کے روبرو بیان دیا تھاکہ وہ غلام حسین سے نکاح کرچکی ہیں، ساتھ ہی رہنا چاہتی ہیں۔عدالت نے خاتون کے بیان کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اپنے شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔عدالتی حکم کے بعد شبنم بی بی اپنے شوہر غلام حسین کے ہمراہ روانہ ہوگئیں۔

ان کی بیٹیوں میں سے ایک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ والدہ نے عدالت میں انہیں پہچاننے سے بھی انکار کردیا اور اپنے نئے شوہر کے حق میں بیان دیا۔

خاتون کے چچا کا کہناہےکہ شبنم کی شادی 24 برس پہلے ہوئی ، تین بیٹیوں کے بعد ہی شوہر کا رویہ سخت ہو گیا، گھر میں گالم گلوچ مار پیٹ روز مرہ کا معمول تھا، لیکن شوہر کو چونکہ اولاد نرینہ کی بھی خواہش تھی اس لیے ہر سال بیوی کو حاملہ بھی کرتے رہے اور مارتے پیٹتے بھی رہے۔ آٹھ بچیوں کے بعد خاتون کی ہمت جواب دے گئی۔ لیکن یہیں پربس نہیں ہوئی اب وہ بچیاں جوان تھیں لیکن آئے روز اسے یہ طعنہ بھی ملتا تھا کہ تمہاری وجہ سے مجھے وارث نہیں ملا۔لیکن خاتون میں مزید سکت نہیں تھی اس نے پہلے بھی کئی بار شوہر سے کہا کہ مجھے مجبور نہ کرو کہ میں یہ گھر چھوڑ کر چلی جاؤں ۔

شبنم کے چچا کا کہناہے کہ اس نے عدالت میں خلع کا کیس دائر کر دیا ، وجوہات بتائیں، جسم کے زخم دکھائے ۔ عدالت نے اس کے حق میں فیصلہ دے دیا۔

دوسری طرف شبنم بی بی کا پہلا شوہر منظر عام پر آیاہے۔غلام شبیر کے بقول 27 سال پہلے میری شبنم کے ساتھ شادی دونوں طرف کے بزرگوں کی رضامندی سے ہوئی ، ہم نے بہت اچھی زندگی گزاری شبنم میرے ساتھ راضی رہی ہماری 5 بیٹیاں اور تین بیٹے ہیں دو بیٹیاں شادی شدہ ، تین کنواری ہیں بیٹوں کی شادی بھی ابھی نہیں ہوئی ۔ایک سال قبل میں رکشہ چلاتا تھا تو کسی شخص نے گجرات لے جانے کے لیے میرا رکشہ کرائے پر لیا کہ وہاں سے بچوں کو لانا ہے میں اسکے ساتھ چلا گیا لیکن وہ شخص منشیات کا ڈیلر تھا ہمیں گجرات سے نکلتے ہوئے پولیس نے پکڑ لیا ۔ میں بھی جیل چلا گیا اور 8 ماہ بعد ضمانت پر رہا ہوا ، جو کچھ ہوا میرے جیل میں ہونے کے دنوں میں ہوا ۔

غلام شبیر نے بتایا کہ میری غیر موجودگی میں شبنم نے کئی کئی روز گھر سے باہر رہنا معمول بنا لیا ، وہ بچوں کو کہتی کہ تمہارے باپ کی ضمانت کے لیے جارہی ہوں مگر میرے پاس وہ پہلے پہلے ایک دو دفعہ آئی اس کے علاوہ میری ملاقات کے لیے بھی نہیں آئی ۔جب میں رہا ہو کر گھر آیا تو لالہ موسی میں میرے رشتہ داروں نے بتایا کہ تمہاری بیوی نے غلام حسین نامی شخص کے ساتھ یا تو نکاح کر لیا ہے۔میں نے بیوی سے کئی بار پوچھا لیکن وہ قسم اٹھاتی کہ میں نے کوئی نکاح نہیں کیا لوگ بکواس کرتے ہیں ۔تمہارے جیل میں ہونے کی وجہ سے اگر کسی نے میری امداد کی یا ہمدردی کی تو کیا میرے اس کے ساتھ تعلقات ہو گئے ہیں ؟میں نے یقین کرلیا۔

شبنیم کے پہلے شوہر کا کہناہے آخری بار میں اسے غلام حسین کے گھر سے اس کی بیوی کی موجودگی میں لے کر آیا تو غلام حسین نے ہائیکورٹ میں درخواست دے دی اور تاریخ لگ گئی یہ جو ویڈیو سوشل میڈٰیا پر وائرل ہے یہ اسی دن کی ہے ۔۔ شبنم میرے ساتھ یہاں سے عدالت گئی۔ پیشی سے پہلے اس نے مجھے یقین دلایا کہ پہلے بھی زندگی تمہارے ساتھ گزاری ہے اب بھی میں غلام حسین کے خلاف بیان دوں گی اور ہم ہنسی خوشی واپس گھر جائیں گے لیکن مجھے نہیں علم تھا کہ یہ مجھے سجی وکھا کے کبھی مار جائے گی۔

غلام شبیرکے مطابق عدالت میں حاضری کی آواز پڑی تو شبنم اندر گئی اور اس نے غلام حسین کے حق میں بیان دے دیا اور اس کا ہاتھ پکڑ کر نکل گئی ، میں اور میری بیٹیاں صدمے سے رونے پیٹنے لگے ۔

تاریخ سے پہلے میں نے کئی بار شبنم سے پیار سے پوچھا کہ اگر کوئی بات ہے تو بتاو اگر میرے ساتھ خوش نہیں ہو تو میں تمہیں چھوڑ دیتا ہوں لیکن اس نے ہر بات سے انکار کیا اور شادی شدہ ہونے اور میرا حق ادا کرنے کے باوجود نکاح پر نکاح کر لیا ۔شبنم کے موجودہ جھوٹے شوہر غلام حسین نے جو نکاح نامہ دیا اس میں اس نے خود کو اور شبنم کو کنوارہ ظاہر کیا حالاں کہ غلام حسین کی بیوی بھی موجود ہے اس کی سات بیٹیاں بھی ہیں ۔ حکومت اور عدالتوں سے اب بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ شبنم اور اس کے جعلی شوہر غلام حسین کے خلاف کارروائی کی جائے ۔