بلوچستان میں محکمہ صحت نے 23 ڈاکٹروں کو معطل کر دیا
معطل کیے گئے ڈاکٹروں پر ہڑتال میں حصہ لینے اور مبینہ طور پر مس کنڈکٹ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں
بلوچستان میں محکمہ صحت نے ہڑتال اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات پر سخت کارروائی کرتے ہوئے 23 ڈاکٹروں کو معطل کر دیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق معطل کیے گئے ڈاکٹروں پر ہڑتال میں حصہ لینے اور مبینہ طور پر مس کنڈکٹ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 25 ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں جن سے ان کے مؤقف کی وضاحت طلب کی گئی ہے۔
مزید برآں، 5 ٹرینی ڈاکٹروں کی پوسٹ گریجویٹ تربیتی رجسٹریشن بھی معطل کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو درپیش مشکلات اور صحت کی سہولیات متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ اسپتالوں میں خدمات کی مسلسل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا ہڑتال سے مریضوں کے علاج میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔