گوادر ایئرپورٹ پر ریڈیو نیویگیشن نظام معطل

فضائی آپریشنز میں احتیاطی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔

June 11, 2026 · قومی

گوادر ایئرپورٹ پر ریڈیو نیویگیشن نظام (ڈی وی او آر) تکنیکی خرابی کے باعث عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جس کے باعث فضائی آپریشنز میں احتیاطی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق یہ خرابی تکنیکی نوعیت کی ہے اور نظام کو 16 جون تک مکمل طور پر بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس حوالے سے نوٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) بھی جاری کر دیا گیا ہے تاکہ تمام فضائی عملے کو صورتحال سے آگاہ رکھا جا سکے۔

اتھارٹی کے مطابق نیویگیشن نظام کی بندش کے دوران پروازوں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے متبادل طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے۔ فضائی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی ٹیمیں خرابی دور کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں، جبکہ نظام کی بحالی کے بعد فضائی آپریشنز معمول کے مطابق بحال کر دیے جائیں گے۔