پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی
یہ پابندیاں یکم سے 10 محرم تک نافذ العمل رہیں گی، جبکہ ڈبل سواری پر پابندی 9 اور 10 محرم کو لاگو ہوگی۔
پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی
پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق یہ پابندیاں یکم سے 10 محرم تک نافذ العمل رہیں گی، جبکہ ڈبل سواری پر پابندی 9 اور 10 محرم کو لاگو ہوگی۔
حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کسی بھی نئی اختراع کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ بغیر اجازت عوامی مقامات پر اسلحہ یا آتش گیر مواد کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اشتعال انگیز نعرے، اشارے یا ایسے بیانات جو مذہبی یا فرقہ وارانہ جذبات کو مجروح کریں، ان پر سخت پابندی ہوگی۔ سوشل میڈیا سمیت کسی بھی پلیٹ فارم پر فرقہ وارانہ یا نفرت انگیز مواد کی اشاعت یا شیئرنگ پر بھی کارروائی کی جائے گی۔
جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے، پتھر، اینٹیں یا دیگر اشیاء جمع کرنے اور بطور تماشائی کھڑے ہونے پر بھی پابندی ہوگی۔ بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق یہ اقدامات ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ محکمۂ داخلہ نے تمام پابندیوں کی مؤثر تشہیر اور عوامی آگاہی کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔