اسپیکر قومی اسمبلی نے اقبال آفریدی کو پورے بجٹ سیشن کے لیے معطل کر دیا
اسپیکر کے اسٹاف پر مبینہ طور پر ہاتھ اٹھایا، ڈی جی میڈیا سے بدتمیزی کی اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھی نامناسب رویہ اختیار کیا، جو ناقابل قبول ہے۔
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن اقبال آفریدی کو پورے بجٹ سیشن کے لیے معطل کر دیا ہے۔
اجلاس کے دوران اسپیکر نے سارجنٹ ایٹ آرمز کو اقبال آفریدی کو ایوان سے باہر نکالنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسپیکر کے اسٹاف پر مبینہ طور پر ہاتھ اٹھایا، ڈی جی میڈیا سے بدتمیزی کی اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھی نامناسب رویہ اختیار کیا، جو ناقابل قبول ہے۔
اس موقع پر فرح ناز اکبر نے اقبال آفریدی کی رکنیت معطلی کی تحریک پیش کی، جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔
فیصلے کے مطابق اقبال آفریدی کو پورے بجٹ سیشن کے لیے معطل رکھا جائے گا اور اس دوران انہیں کسی قسم کے الاؤنسز بھی نہیں دیے جائیں گے۔ اسپیکر نے واضح کیا کہ ایوان کے تقدس کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔