راولا کوٹ میں دھریک اور متیال مہرہ دونوں مقامات پر دھرنا ختم

سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے خدشے پر مظاہرین نے خود ہی دھرنا ختم کردیا

June 12, 2026 · قومی

راولاکوٹ: کمشنر سردار وحید خان نے راولاکوٹ میں دھرنے کے خاتمے اور مظاہرین کے منتشر ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

حکام کے مطابق احتجاجی مقامات کا کنٹرول پولیس اور رینجرز نے سنبھال لیا ہے جبکہ دھرنے کا اسٹیج بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

اس سے قبل صحافی محمد مالک کی جانب سے خبر دی گئی تھی کہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کشمیر کے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ بھی تسلیم کیا گیا کہ بعض فیصلے جلد بازی میں کیے گئے تھے، جبکہ 12 کے بجائے 6 نشستوں کے معاملے پر مذاکرات کا امکان بھی زیر غور ہے۔

کمشنر پونچھ سردار وحید خان نے بتایا کہ کالعدم قرار دی گئی جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں کو راولاکوٹ کے مختلف مقامات سے منتشر کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دریک کے علاقے میں آپریشن کرتے ہوئے عید گاہ اور بس ٹرمینل کے قریب موجود مظاہرین کو منتشر کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران درجنوں افراد کو حراست میں بھی لیا گیا جبکہ علاقے میں صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

دوسری جانب تنظیم کے بعض رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا احتجاج منصوبہ بندی کے تحت ختم ہوا ہے اور جب تک قیادت کی جانب سے باضابطہ اعلان نہیں کیا جاتا، تحریک جاری رہے گی۔

ادھر انتظامیہ نے الزام ہے کہ کالعدم تنظیم کو فنڈز فراہم کرنے پر مختلف اداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، جبکہ متعدد کاروباری مراکز کو بھی سیل کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے گشت جاری ہے۔