وفاقی بجٹ 202627،تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریلیف کی تجاویز زیر غور

ماہانہ 2 لاکھ 67 ہزار روپے آمدن والے طبقے کے لیے ٹیکس کی شرح 25 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

June 12, 2026 · قومی

اسلام آباد: وفاقی بجٹ 2026-27 میں تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریلیف کی تجاویز زیر غور ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے مختلف انکم ٹیکس سلیبز میں رد و بدل اور شرح ٹیکس میں کمی کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم کم آمدن رکھنے والے افراد کے لیے ریلیف کے امکانات محدود بتائے جا رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ماہانہ ایک لاکھ 83 ہزار روپے تک آمدن رکھنے والے افراد کے لیے ریلیف محدود ہونے کا امکان ہے، جبکہ اس سے زیادہ آمدن والے طبقے کو ٹیکس میں کچھ رعایت دیے جانے کی تجاویز زیر غور ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس سلیبز کی تعداد 6 سے بڑھا کر 8 کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ماہانہ 2 لاکھ 67 ہزار روپے آمدن والے طبقے کے لیے ٹیکس کی شرح 25 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

اسی طرح تنخواہ دار طبقے کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیکس شرح 35 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کرنے کی بھی سفارش زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق تنخواہ دار طبقے کے لیے حتمی ٹیکس ریلیف کا فیصلہ وفاقی کابینہ آج کرے گی۔