پنجاب میں میٹرو، اورنج لائن سمیت مفت سفری سہولت ختم
اب مسافروں کو پنجاب کے تمام ماس ٹرانزٹ سسٹمز میں معمول کے مطابق کرایہ ادا کرنا ہوگا۔
لاہور: پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں پر دی جانے والی مفت سفری سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین، سپیڈو، الیکٹرک اور گرین بس سروسز پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی مفت سفری سہولت آج رات تک دستیاب ہوگی، جس کے بعد معمول کے مطابق کرایہ وصول کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت عوامی ریلیف پیکج کے تحت اپریل 2026 میں متعارف کرائی گئی تھی، جس کا ابتدائی دورانیہ ایک ماہ مقرر کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اس میں توسیع پر بھی غور کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق روزانہ تقریباً 8 لاکھ مسافر اس مفت سہولت سے فائدہ اٹھا رہے تھے۔ صرف اورنج لائن ٹرین پر تقریباً 2 لاکھ 90 ہزار جبکہ میٹرو بس سروس پر ایک لاکھ سے زائد مسافر روزانہ مفت سفر کر رہے تھے۔
حکام کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہ آنے کے باعث سبسڈی جاری رکھنا ممکن نہیں رہا، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
اب مسافروں کو پنجاب کے تمام ماس ٹرانزٹ سسٹمز میں معمول کے مطابق کرایہ ادا کرنا ہوگا۔