خیبرپختونخوا پولیس کا شہداء پیکج بڑھانے کا مطالبہ

دیگر صوبوں کے مقابلے میں خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء اور زخمی اہلکاروں کے لیے موجود پیکج نسبتاً کم ہے، جس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

June 12, 2026 · قومی

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے شہداء اور زخمی اہلکاروں کے لیے مالی معاونت میں اضافے کی سفارش کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو نئی تجاویز ارسال کر دی ہیں۔

محکمہ پولیس کی جانب سے تیار کردہ سفارشات محکمہ داخلہ کو بھجوائی گئی ہیں، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء اور زخمی اہلکاروں کے لیے موجود پیکج نسبتاً کم ہے، جس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

سفارشات کے مطابق انسپکٹر رینک تک شہید ہونے والے اہلکاروں کے ورثاء کے لیے مالی معاونت کی رقم ایک کروڑ 10 لاکھ روپے تک بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کو 5 مرلہ جبکہ شہید انسپکٹر کے ورثاء کو 7 مرلہ رہائشی پلاٹ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

دستاویزات میں شہید ڈی ایس پی اور اے ایس پی کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ 60 لاکھ روپے معاوضے اور 10 مرلہ پلاٹ کی تجویز بھی شامل ہے۔

محکمہ پولیس نے سفارش کی ہے کہ شہید اہلکار کی ہر بیٹی کی شادی پر 8 لاکھ روپے کا خصوصی گرانٹ دیا جائے، جبکہ دہشت گردی یا ڈیوٹی کے دوران ہونے والے مالی نقصان، گھر، گاڑی یا دیگر اثاثوں کے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے۔

سفارشات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کسی واقعے میں پولیس اہلکار کے ساتھ موجود قریبی رشتہ دار زخمی یا جاں بحق ہو جائیں تو انہیں بھی مالی معاونت فراہم کی جائے۔

مزید برآں گریڈ 18 سے 22 تک کے شہید پولیس افسران کے لواحقین کے لیے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کے پیکج اور ایک کنال رہائشی پلاٹ کی تجویز دی گئی ہے۔

محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے اہلکاروں کا مورال بلند ہوگا اور وہ مزید جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں گے۔